ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم تین روز دورہ پاکستان مکمل کر کے واپس روانہ

10-04-2024

(لاہور نیوز) ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم اپنا تین روزہ دورہِ پاکستان مکمل کر کے ملائیشیاء روانہ ہو گئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ کامرس جام کمال خان  نے ملائیشین وزیراعظم اور ان کے وفد کو نور خان ایئر بیس پر الوداع کیا۔ ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم  نے دورے کے دوران پی ایم ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، شہباز شریف اور انور ابراہیم  نے پاکستان ملائیشیا بزنس فورم میں بھی شرکت کی، ملائیشیا کے وزیر اعظم کو صدر پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔ اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں، ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے اچھے الفاظ اور نیک خواہشات کے تہہ دل سے مشکور ہیں، پاک ملائیشیا تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشین وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے پاک ملائیشیا تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان سے ملائیشیا کو پراسیسڈ گوشت اور چاول کی برآمدات میں اضافہ اور طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا، انور ابراہیم کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری و تجارت میں اضافے پر اتفاق ہوا ہے۔