اکتوبر کے آغاز میں ہی آلودگی نے پر پھیلانا شروع کر دیئے
10-04-2024
(لاہور نیوز) ماہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہی آلودگی کے عفریت نے اپنے پر پھیلانا شروع کر دیئے۔
گزشتہ کئی سالوں سے اکتوبر سے لے کر فروری تک شہریوں کا امتحان لینے والے سموگ کے عفریت نے اپنے پنجے گاڑنا شروع کر دیئے ہیں۔ ماہ اکتوبر کے آغاز پر ہی کئی ایک مواقع پر لاہور کا اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس2 سو کی سطح سے تجاوز کر چکا ہے جسے انتہائی الارمنگ قرار دیا جا رہا ہے، جمعہ کو بھی 177 کے اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا۔ سب سے زیادہ 183 ایئرکوالٹی انڈیکس بیدیاں روڈ پر ریکارڈ کیا گیا، ڈیفنس میں 182 اور فیروزپور روڈ پر ایئرکوالٹی انڈیکس 180 رہا جبکہ گلبرگ میں آلودگی کا تناسب 170 ریکارڈ کیا گیا، آنے والے دنوں میں آلودگی کی شرح میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔