مہنگائی کے ستائے عوام ریلیف سے محروم، 6 سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ

10-04-2024

(لاہور نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔

انتظامیہ کی غفلت سے مہنگائی کا گراف آسمان کو چھونے لگا، سبزیاں اور پھل سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس فروخت ہو رہی ہیں، بازاروں میں دکانداروں نے اپنے اپنے ریٹ لگا رکھے ہیں۔ سبزی منڈی کی جاری ریٹ لسٹ میں 6 سبزیوں کے دام مزید بڑھ گئے، پیاز 170 روپے کلو، ٹینڈے دیسی 250 روپے، بینگن 140 روپے، پالک 100  روپے، شملہ مرچ 260 روپے اور گھیا کدو 130 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ ادھر پھل سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں، سیب280   روپے کلو، کیلا 160 روپے درجن میں دستیاب ہے۔ شہری کہتے ہیں برائلر گوشت خریدنا تو بھول ہی جائیں، گردنیں اور کلیجی پوٹا خرید کر بچوں کی ڈیمانڈ پوری کرنے پر مجبور ہیں۔ برائلر گوشت 595 روپے کے برعکس 680 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے، فارمی انڈے 291 روپے درجن کی سطح پر برقرار  ہیں۔