پنجاب کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ، رینجرز بھی طلب

10-04-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ ہو گی، حکومت پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کو بھی طلب کر لیا، اس دوران ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہو گی۔  راولپنڈی اور اٹک میں 4 اور 5 اکتوبر کیلئے رینجرز کی 6 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں جبکہ اٹک میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی 10 پلاٹون تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ لاہور میں 5 اکتوبر کیلئے رینجرز کی 3 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں، حکومت پنجاب نے راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے، پابندی کا اطلاق جمعہ 4 اکتوبر سے اتوار 6 اکتوبر تک ہو گا۔ لاہور میں جمعرات 3 اکتوبر سے منگل 8 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں پابندی کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا، سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے احکامات جاری کیے گئے۔ محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔ رینجرز کی خدمات کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلے لکھے گئے ہیں۔