قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی، سنٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلیوں کا امکان

10-04-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سال 24-2023 کے لیے4 کیٹیگریز میں 25 کرکٹرز کو سنٹرل کنٹریکٹ کے لیے منتخب کیا تھا،ان کرکٹرز کے معاہدے 30 جون 2024 کو ختم ہوچکے ہیں۔

تاحال کرکٹ بورڈ نے 25-2024 کے سنٹرل کنٹریکٹ کے ناموں کا اعلان نہیں کیا، البتہ اطلاعات ہیں کہ نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جا رہی ہے۔ “ اے” کیٹیگری میں پچھلے سال کی طرح بابراعظم ، محمد رضوان اور شاہین آفریدی ہی رہیں گے اور یہاں کسی نئے نام کا کوئی امکان نہیں۔ دوسری جانب ٹیسٹ کپتان شان مسعود “ بی “ کیٹیگری تک محدود رہیں گے، ان کے ساتھ اس کیٹیگری میں نسیم شاہ ، فخر زمان اور شاداب خان کی جگہ پکی ہے۔ البتہ پچھلے سنٹرل کنٹریکٹ میں“ بی “ کیٹیگری کا حصہ بننے والے سابق ٹیسٹ کپتان وکٹ کیپر سرفراز احمد اور فاسٹ بولر حارث رؤف کا“ بی “ کیٹیگری میں رہنا ناممکن ہے۔ “ سی “ کیٹیگری میں عبداللہ شفیق برقرار رہیں گے، البتہ یہاں ان کے ساتھ صائم ایوب، سعود شکیل ، اُسامہ میر اور میر حمزہ کی شمولیت متوقع ہے۔ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 سے قبل اس وقت کے چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاء اشرف سے مطالبات تسلیم کروانے والے کرکٹرز کے لیے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں مراعات اور مالی فوائد پچھلے کنٹریکٹ کے تناظر میں بڑھنے کا فی الحال امکان بہت کم ہے کیونکہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران قومی ٹیم کی کارکردگی کا گراف گر گیا ہے۔