نعیم الرحمان کا شاہد خاقان اور محمود اچکزئی سے رابطہ، سیاسی صورتحال پر گفتگو
10-03-2024
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی اور چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دونوں سیاسی رہنماؤں سے ملکی سیاسی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ کے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق حافظ نعیم الرحمان اور شاہد خاقان عباسی کے مابین ملاقات بھی طے پا گئی ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان آج اسلام آباد میں ملاقات ہو گی، امیر جماعت اسلامی شاہد خاقان عباسی کو 7 اکتوبر کے غزہ مارچ میں شرکت کی دعوت دینگے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان نے محمود خان اچکزئی سے رابطے میں مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے بات چیت کی، محمود اچکزئی نے فلسطین کے حوالے سے جماعت اسلامی کے موقف کو سراہا، حافظ نعیم الرحمان نے محمود خان اچکزئی کو 7 اکتوبر کے غزہ مارچ میں شریک ہونے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی تحریک تحفظ آئین پاکستان کا حصہ ہے، مشترکات پر جماعت اسلامی ساتھ چلنے کیلئے تیار ہے۔