جویریہ عباسی کے اپنی دوسری شادی سے متعلق اہم انکشافات

10-03-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کی سینئر اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنی دوسری شادی اور شوہر سے متعلق حیران کُن انکشافات کیے ہیں۔

جویریہ عباسی نے اپنے دوسرے شوہر عدیل حیدر کے ہمراہ حال ہی میں ایک پاکستانی میگزین کو خصوصی انٹرویو دیا جہاں اس جوڑے نے اپنے تعلقات اور شادی سے متعلق بات کی۔ عدیل حیدر نے کہا کہ میں نے پہلی بار اپنے دوستوں کی دعوت پر جویریہ عباسی کو دیکھا تھا اور پہلی نظر میں ہی مجھے وہ پسند آگئی تھیں، اُس وقت مجھے یہ نہیں معلوم تھا کہ جویریہ کا تعلق شوبز سے ہے اور وہ اداکارہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلی ملاقات میں ہی مجھے جویریہ سے محبت ہوگئی تھی، پھر آہستہ آہستہ ہمارے درمیان دوستی ہوئی لیکن جویریہ کو شادی کے لیے رضامند کرنے میں مجھے تین سال لگے۔ عدیل حیدر نے کہا کہ سابقہ شادی اور سماجی مسائل کی وجہ سے ہماری شادی میں تاخیر ہوئی، ورنہ ہم نے بہت پہلے ہی شادی کرلینی تھی۔ جویریہ عباسی نے اپنے شوہر سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میری طرح عدیل کی بھی یہ دوسری شادی ہے، اُن کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوگئی تھی اور سابقہ اہلیہ سے اُن کے بچے بھی ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ میرے اورعدیل کے درمیان بیٹی عنزیلہ کی شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہوچکے تھے لیکن میرے لیے سب سے پہلی ترجیح بیٹی کی شادی تھی، بیٹی کی شادی کے بعد ہی میں نے اپنی شادی کا فیصلہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس ڈھائی تین سال کے عرصے میں عدیل مسلسل شادی کی پیشکش کرتے رہے لیکن میں انکار کرتی رہی اور جب میں راضی ہوئی تو عدیل نے نخرے دکھائے لیکن بالآخر ہماری شادی ہوگئی۔ جویریہ عباسی نے مزید کہا کہ ہم نے رواں سال مارچ میں چند قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کی موجودگی میں نکاح کیا اور اب ہماری شادی کو 6 ماہ ہوچکے ہیں۔