ملائیشیا کے وزیر اعظم 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
10-02-2024
(لاہور نیوز) ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم وفد کے ہمراہ نور خان ایئربیس پہنچے جہاں پر وزیر اعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی استقبال کے لئے موجود تھے، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے وزی اعظم انور ابراہیم کو پھول پیش کیے۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی دی، اعلیٰ سطح کا وفد بھی ملائیشیا کے وزیر اعظم کے ہمراہ ہے، دورے کے دوران ملائیشین وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوگی۔ ملاقاتوں میں مختلف شعبوں میں تعاون اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ ملائیشین وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔