پنجاب کے متعدد شہروں میں دفعہ 144 نافذ، میانوالی میں موبائل،انٹرنیٹ سروس بند

10-02-2024

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے فیصل آباد، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، چنیوٹ اورجھنگ میں دفعہ 144 نافذ کردی۔

جن اضلاع میں دفعہ 144نافذ کی گئی وہاں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنوں، جلسوں اور مظاہروں سمیت احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ مختلف شہروں میں کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں۔ ادھر میانوالی میں موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس بند ہے جب کہ رینجرز کی 2 کمپنیاں بھی تعینات کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب بہاولپور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 100 سے زائد کارکنوں پرمقدمہ درج کرلیا گیا اور 5 کارکنوں کو  گرفتار کیا جاچکا ہے۔ یاد رہے  کہ  پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے آج احتجاج کا اعلان کیا ہے۔  پنجاب حکومت نے صوبائی اسمبلی میں ایک ترمیمی بل پیش کیا ہے جس کے تحت دفعہ 144 کو کم از کم 3 ماہ کے لیے نافذ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، یہ نوآبادیاتی دورکا قانون ہے اور عوامی اجتماعات پر پابندی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔