مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

10-01-2024

(لاہور نیوز) ممتاز مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائک نے جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہمراہ ان کے صاحبزادے طارق نائیک بھی موجود تھے، مولانا فضل الرحمان نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ مذہبی اسکالر کا استقبال کیا، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کو پرفیوم کا تحفہ پیش کیا اور سربراہ جے یو آئی کی اقتداء میں نماز مغرب بھی ادا کی۔ مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمارے گھر کو رونق بخشی ہے، اللہ تعالیٰ آپ کی پاکستان تشریف آوری کو آپ کے مشن میں مزید برکت کا سبب بنائے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس طریقے سے ڈاکٹر صاحب سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے، کئی لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام کے حسین چہرے سے دنیا کو روشناس کرانا اور امت مسلمہ کا اتحاد و اتفاق مشترکہ ہدف ہے، ڈاکٹرصاحب یہاں مہمان نہیں میزبان ہیں یہ ان کا اپنا گھر ہے۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی، کل کچھ دوست ملنے آئے لیکن میں نے کہا سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کروں گا۔ اس موقع پر مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا اسعد محمود ، مولانا امجد خان، اسلم غوری، مولانا عبدالواسع، مولانا راشد سومرو، مولانا مصباح الدین، نور عالم خان، مولانا محمود شاہ، مفتی اویس عزیز، مفتی اسجد محمود و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔