اقوام متحدہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر وزیر اعظم شہباز شریف کا نیا ریکارڈ قائم

09-30-2024

(لاہور نیوز) اقوام متحدہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر وزیر اعظم شہباز شریف کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔

اقوام متحدہ کے ادارے سینٹر فار پبلک اوپینین ریسرچ  نے اعداد و شمار جاری کر دئیے، اقوام متحدہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر وزیر اعظم شہباز شریف کا خطاب سب سے زیادہ بار دیکھا گیا، شہباز شریف دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے عالمی رہنما بن گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کو امریکی صدر جو بائیڈن سے بھی زیادہ بار دیکھا گیا، امریکی صدر جو بائیڈن کا خطاب ایک لاکھ ایک ہزار، چین کے وزیر خارجہ وینگ یی کا خطاب 81 ہزار، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کا خطاب 51 ہزار اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا خطاب 51 ہزار لوگوں نے دیکھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کو یو این آفیشل یوٹیوب چینل پر ایک لاکھ 37 ہزار لوگوں نے دیکھا، واضح رہے دنیا بھر کے قائدین کا جنرل اسمبلی سے خطاب یو این آفیشل یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا گیا تھا۔ دوسری جانب الجزیرہ کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر بھی وزیر اعظم شہباز شریف کا خطاب 16 لاکھ لوگوں نے دیکھا، الجزیرہ ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا خطاب تین لاکھ لوگوں نے دیکھا۔