پنجاب حکومت کا وزراء سمیت پروٹوکول ڈیوٹیز کیلئے 61 کروڑ مالیت کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

09-30-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کے وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز اور پروٹوکول ڈیوٹیز کے لئے نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سب کیبنٹ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب سے 76 نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی گئی، صوبائی کابینہ، پارلیمانی سیکرٹریز و دیگر کے لئے 61 کروڑ 24 لاکھ 75 ہزار روپے جاری کرنے کا حکم دیا گیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور کی جانب سے نئی گاڑیاں خریدنے کی سمری پنجاب کابینہ کو بھجوائی گئی تھی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ صوبائی کابینہ و پارلیمانی سیکرٹریز کے لئے 29 گرینڈی اور ٹیوٹا کرولا گاڑیاں خریدی جائیں گی، گاڑیوں کی خریداری پر 22 کروڑ 1لاکھ 39 ہزار روپے خرچ ہوں گے، اسی طرح پروٹوکول کے لئے 15 گاڑیاں خریدی جائیں گی، جس کےلئے 9 کروڑ 96 لاکھ 15ہزار روپے جاری ہوں گے، پروٹوکول ڈیوٹیز اور ایس سی او ڈیوٹیز کےلئے 2 فارچونرز کی خریداری پر 3 کروڑ 61 لاکھ خرچ ہوں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی وزراء کی حفاظت کےلئے پروٹوکول کےلئے 30 سنگل کیبن ڈالے خریدے جائیں گے، گاڑیوں کی خریداری پر20 کروڑ 90 لاکھ خرچ ہوں گے جبکہ گاڑیوں کی خریداری پر ٹیکسز کی مد میں 1 کروڑ 74 لاکھ 95 ہزار خرچ ہوں گے اور گاڑیوں کی تزئین و آرائش کےلئے 3 کروڑ روپے الگ سے رکھے جائیں گے۔