سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے نظرثانی اپیلوں پر سماعت آج ہو گی

09-30-2024

(لاہور نیوز) سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیلوں پر سماعت آج ہو گی۔

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مظہر عالم میاں خیل لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے 17 مئی 2022 کو فیصلہ سنایا تھا، جسٹس منیب اختر اور جسٹس اعجاز الاحسن بینچ کا حصہ تھے۔ آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق کیس کا فیصلہ تین دو کی اکثریت سے دیا گیا، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے اختلاف کیا تھا۔ اکثریتی فیصلے کے مطابق منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہو گا، منحرف ارکان کی تاحیات نااہلی کیلئے پارلیمنٹ قانون سازی کر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن  نے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔