جب عوام نکلتے ہیں توبڑے بڑے درودیوار ہل جاتے ہیں: علی محمد خان

09-29-2024

(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت کے ذریعے رہا کروائیں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ سیاسی تحریک میں تیزی آرہی ہے، ہم  نے پارلیمنٹ میں بھی آواز اٹھائی، جب کوئی جماعت کہے اپنے لیڈر کو باہر نکالیں گے مطلب بندوق سے نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کو اگر جیل سے نکالیں گے تو مزید مسائل پیدا ہوں گے، ہم عمران خان کو عدالت کے ذریعے رہا کروائیں گے، 8 فروری کو قوم  نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کو قوم پر مسلط کر دیا گیا، جعلی حکومت آئینی ترمیم لانا چاہتی ہے، یہ سپریم کورٹ کا انصاف کا دروازہ بھی ہمیشہ کے لیے بند کرنا چاہتے ہیں، ہم انصاف کا دروازہ بند نہیں ہونے دیں گے۔ علی محمد خان نے کہا کہ کل ہم  نے بغیر لیڈرشپ کے 12 گھنٹے احتجاج کر کےدکھایا، جب عوام نکلتے ہیں توبڑے بڑے در و دیوار ہل جاتے ہیں، اس ملک میں انقلاب تو قوم 8 فروری کو لاچکی ہے، قوم تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کے اندھیرے میں پارلیمنٹ سے ایم این ایز کو اٹھایا گیا، ہمارے ایم این ایز پر پریشرڈالا جارہا ہے، کیا رات کےدو بجے منہ چھپا کر ترمیم پاس ہو گی؟ کیا یہ آئینی ترمیم ہے یا بم ہے جورات کے دو بجے پھوڑنا چاہتے ہیں؟ رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں جسٹس منصور علی شاہ سے کوئی توقعات نہیں ہیں، حکومت کو فکر ہے اگر الیکشن پرجوڈیشل کمیشن بن گیا تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، بھٹو کا نواسہ ہی آئین کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، لگتا ہے چھوٹے بھائی بلاول کو کوئی لالی پاپ دیا گیا ہے۔