امسال 7 لاکھ سے زائد افراد ٹیکس نیٹ میں آئے، ٹیکس وصولی بڑھانا ناگزیر: وزیر خزانہ

09-29-2024

(لاہورنیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ امسال 7 لاکھ 23 ہزار افراد ٹیکس نیٹ میں آئے، ملک میں فائلرز کی تعداد 16 لاکھ سے بڑھ کر 32 لاکھ ہوگئی ہے، ٹیکس وصولی میں اضافہ ناگزیر ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات پاکستان کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کی لیڈرشپ میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام منظور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے، ایکسپورٹ 29 فیصد بڑھی ہے، آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے، ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بھی بلند ترین سطح پر ہیں، مہنگائی کم ہونے سے پالیسی ریٹ نیچے آیا ہے، پالیسی ریٹ میں 4.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹاک ایکسچینج پر بات نہیں کرتا لیکن یہ خوش آئند ہے کہ اب یہ نئی حدیں عبور کر رہی ہے، میکرو اکنامک استحکام سے مضبوط معیشت کی بنیاد رکھ دی، میکرواکنامک استحکام منزل نہیں ایک راستہ ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کی مضبوطی کے حوالے سے بڑی کامیابی ہے، سابق نگراں حکومت کا بھی مثبت کردار تھا، یہ سب وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشوں سے ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اب معاشی استحکام آئے گا، پرامید ہوں کہ ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ ہماری توقع کے مطابق رہیں گے، نجی شعبے کو ملک کو لیڈ کرنا ہوگا، ملک کی بہتری کیلئے بیرون ملک سے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔