بھارت دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے: مشعال ملک

09-29-2024

(لاہور نیوز) حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اقوام متحدہ میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل ہونا چاہیے، کشمیرمیں بھارتی فوج کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دھمکیوں کے بجائے ہوش کے ناخن لے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی الیکشن کا ڈرامہ چل رہا ہے، بھارت نےکینیڈا میں سکھوں کو قتل کیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنا دیا ہے، بھارت کا عالمی دہشت گردی کا نیٹ ورک پھیلتا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے وزیر خا رجہ ایس جے شنکر  نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی تقریر کے جواب میں پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکی دی اور کہا تھا کہ پاکستانی معاشرے کو اس کی اپنی حکمت عملی ہی نگل رہی ہے، سرحد پار دہشت گردی کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔ بھارتی وزیر خا رجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ ان کے ملک کا واحد حل طلب تنازع پاکستان کے غیر قانونی قبضے میں موجود کشمیر کے علاقے کو آزاد کرانا ہے اور پاکستان کی طویل عرصے جاری دہشت گردی سے وابستگی کو ترک کرانا ہے۔