موچی گیٹ : چائے کی جعلی پتی بنانے کا یونٹ بند، 3ملزم گرفتار
09-29-2024
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی ان ایکشن، چائے کی جعلی پتی بنانے کا یونٹ بند، مقدمہ درج کرکے 3ملزم گرفتار کر لیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے موچی گیٹ ایریا میں کریک ڈاؤن کیا، اس دوران 100 کارٹن تیار جعلی پتی، 8 بوریاں کھلی پتی، خالی بوریاں، رول راڈ اور 200 کارٹن جعلی پیکنگ کے ضبط کر لیے گئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سربراہ عاصم جاوید نے بتایا کہ موچی گیٹ ایریا میں استعمال شدہ پتی کو خشک کرکے ممنوعہ رنگ لگا کر تیار کیا جارہا تھا، مضر صحت کیمیکلز اور مصنوعی فلیورز شامل کرکے جعلی پتی کو معروف برانڈز کی پیکنگ لگائی جا رہی تھی، بھاری مقدار میں معروف برانڈز کے جعلی لیبل برآمد کر لیے گئے، یونٹ کے پروسیسنگ ایریا میں حشرات کی بہتات اور کھلی پتی زمین پر رکھی پائی گئی ، یونٹ سے جعلی پتی اور خام مال برآمد کرکے تلف کر دیا گیا۔