علی امین مسلح جتھوں کیساتھ آ رہے، پنجاب پر چڑھائی نہیں کرنے دینگے:عظمیٰ بخاری

09-28-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور مسلح جتھوں کے ساتھ راولپنڈی آرہے ہیں، پنجاب پر کسی کو چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔

لاہور میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لئے خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں، علی امین گنڈاپور مسلح جتھوں کے ساتھ راولپنڈی آ رہے ہیں، علی امین گنڈاپور پولیس فورس کے ساتھ اپنی ذاتی فورس کو لا رہے ہیں، تمام فورس کے ساتھ ہیوی اسلحہ بھی ہے، پنجاب پولیس کو ایسے لوگوں کا علاج کرنا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے پنجاب کے اندر قانون موجود ہے، جمہوریت کا شیلٹر اب آپ کو نہیں لینے دیں گے، جج صاحبان سے گزارش ہے کہ یہ دیکھیں ایسے جلسے ہوتے ہیں؟ قیدی نمبر 804 ملک کے اندر خونریزی کروا رہا ہے، لاشوں کے اوپر سیاست کرنا ان کا پرانا وطیرہ ہے، ان کو پنجاب پر چڑھائی کرنے نہیں دیں گے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی ماؤں سے پوچھنا چاہتی ہوں آپ کے بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ کیوں نہیں ہونا چاہئے؟ ہمیں خیبرپختونخوا کے بچوں کی بھی اتنی ہی فکر ہے جتنی پنجاب کے بچوں کی ہے، راولپنڈی میں لوگ اپنے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، فساد صرف اور صرف کے پی سے آ رہا ہے، پنجاب نے جلسے اور دھرنے کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ خواجہ عمران نذیر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر  نے کہا کہ اس وقت ملک میں دو فورسز کام کر رہی ہیں، ایک فورس جو ملک کو ٹھیک کر کے جاتی ہے اور دوسری فورس ملک میں تباہی چاہتی ہے، جنہوں نے چلتے پھرتے ملک کو اپنی انا کی بھینٹ چڑھایا، ہمارے ساتھ بھی ظلم ہوا تھا، ہم نے کبھی ایسا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 15سالوں میں پی ٹی آئی  نے خیبرپختونخوا کو دیوالیہ بنا دیا، ہم نے جلسہ کرنا ہو ہمیں پریشانی ہو جاتی ہے، 2022 میں 8 ارب روپے سوشل میڈیا کا بجٹ کس پارٹی کا تھا؟ 24 گھنٹے لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھولا گیا۔ خواجہ عمران نذیر  نے مزید کہا کہ ہماری لیڈر شپ کا قصور ہے کہ وہ اعلیٰ ظرف کے مالک ہیں، ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے اور وہ حد اب ختم ہو چکی ہے، ہم دو صوبوں کے درمیان لڑائی نہیں چاہتے، وقت آنے والا ہے اب احتساب ہو کر رہے گا۔