پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں ’صنفی تشدد‘ کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد

09-28-2024

(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں"صنفی تشدد" کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

"وائیلنس اگینسٹ ویمن نیور اگین" کانفرنس میں مینجنگ ڈائریکٹر سیف سٹیز محمد احسن یونس، ایس ایس پی رفعت بخاری، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر اور اے ایس پی شہر بانو سمیت دیگر پولیس افسران شریک ہوئے، کانفرنس میں محکمہ پولیس، ایجوکیشن، یو این او، میڈیا اور قانونی ماہرین بھی شریک ہوئے۔ کانفرنس میں صنفی بنیاد پر تشدد کو اس کی بنیادی وجوہات کو سمجھ کر ختم کرنے بارے ماہرانہ رائے پیش کی گئی، کانفرنس میں جینڈر بیسڈ وائیلنس پر بروقت رسپانس، ٹیکنالوجی کا استعمال، سیفٹی ایپس، ہیلپ لائنز اور ڈیٹا انٹیگریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کا اس موقع پر کہنا تھا کانفرنس میں پنجاب میں خواتین پر تشدد اور ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے کردار و تعاون پر اظہار خیال کیا گیا، ماہرین نے کرائم کی رپورٹنگ اور پنجاب پولیس کو درپیش چیلنجز بارے رائے پیش کیں، خواتین کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے رابطہ کرکے شکایت درج کروا سکتیں ہیں۔ ماہرین نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی کے واقعات کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے، خواتین کے ساتھ ہونے والے سائبر کرائم کے واقعات پر پولیس کو جدید طریقہ تفتیش سیکھنا وقت کی ضرورت ہے۔ ایم ڈی سیف سٹیز محمد احسن یونس کا کہنا تھا سیف سٹی پنجاب بھر کی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے ذریعے مدد فراہم کر رہی ہے، جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ماہرین نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین کے تحفظ میں سیف سٹی کے کردار کو بھرپور سراہا۔