فوڈ اتھارٹی ٹیموں کا سبزہ زار میں چھاپہ، ملاوٹی ہلدی تلف
09-28-2024
(لاہور نیوز) چٹ پٹے کھلے مصالحے کھانے والے ہوشیار ہو جائیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی جعلی مصالحہ جات تیار کرنے والوں کے خلاف اِن ایکشن ہو گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ڈائریکٹر آپریشنز نے سبزہ زار میں جعلی مصالحہ جات یونٹ پر چھاپہ مارا، مکئی کے بھوسے کو کھلے رنگ لگا کر جعلی ہلدی اور مرچیں تیار کی جا رہی تھیں۔ چھاپے کے دوران 12 ہزار 500 کلو فنگس زدہ مرچیں، 2500 کلو ممنوعہ اجزاء اور 250 کلو ملاوٹی ہلدی تلف کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ مالک کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا، خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی لائسنس کے بغیر چھپ کر کیا جا رہا تھا، یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، سٹوریج میں مکھیاں، مچھر اور کیڑے پائے گئے، تیار مصالحہ جات کو دلکش جعلی پیکنگ لگا کر لاہور کی مارکیٹس اور چھوٹی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔