سفاری زو نے سیاحوں کیلئے نئے اوقات کا اعلان کر دیا

09-28-2024

(لاہور نیوز) سفاری زو نے یکم اکتوبر سے سیاحوں کیلئے نئے اوقات کا اعلان کر دیا۔

ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر سفاری زو نے نئے اوقات کا اعلان کیا۔ انتظامیہ کے مطابق سفاری زو میں سیاحوں کا داخلہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ہو گا، پارک کا جنرل ایریا اور جنگل سفاری صبح 8 سے شام 6 بجے تک کھلے ہونگے، ڈے لائن سفاری اور ایکویریم بھی صبح 8 سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے تاہم نائٹ لائن سفاری میں سیاح شام 6 سے رات 8 بجے تک شیروں کی شرارتوں کا بھرپور نظارہ کر سکیں گے۔ سفاری زو انتظامیہ نے نئے اوقات کے پیشِ نظر اپنے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، سیاحوں کو مکمل سکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک کا کہنا ہے عوام بدلتی رتوں میں قدرت کی دلکش تخلیق کا نظارہ کریں، فرصت کے لمحات کو یادگار بنائیں اور اپنی فیملیز کیساتھ سفاری زو آئیں۔