پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں 30 ستمبر کو احتجاج کی حکمت عملی تیار کر لی

09-27-2024

(لاہور نیوز) پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی لیاقت باغ میں 30 ستمبر کو احتجاج سے متعلق حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخوا علی امین گنڈا پور احتجاج کی قیادت کریں گے، اسلام آباد سے پی ٹی آئی قیادت قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ جائے گی، پی ٹی آئی کارکنان کو 2 بجے لیاقت باغ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے قیادت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ پہنچیں، راستوں کی بندش کی صورت میں جو جہاں تک پہنچے گا وہیں احتجاج ہو گا، اسلام آباد، شمالی پنجاب اور کے پی کے سے قافلے راولپنڈی آئیں گے۔ پارٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ گرفتاریوں کی صورت میں انصاف لائیرز فورم قانونی معاونت دےگا، وکلاء کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کو راستوں کی بندش کی صورت میں متبادل راستوں کا پلان بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔