چائلڈ سیفٹی سینٹر روزانہ 60 سے زائد گمشدہ بچوں کو اپنوں سے ملوانے لگا

09-27-2024

(لاہور نیوز) سیف سٹی ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے 2 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق سیف سٹی ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی دو ماہ کے دوران عمدہ کارکردگی دیکھنے میں آئی، چائلڈ سیفٹی سینٹر میں دو ماہ میں 10 ہزار 398 سے زائد بچوں سے متعلقہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 8 ہزار 406 سے زائد کیسز کو حل کر لیا گیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق بچوں سے متعلقہ 202 کیسز زیر تفتیش اور ایک ہزار 673 کیسز کی ایف آئی آرز  درج کروائی جا چکیں ہیں، دو ماہ میں 3 ہزار 864 گمشدہ بچوں کو تلاش کر کے بحفاظت ورثا کے سپرد کیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ چائلڈ سیفٹی سینٹر  نے جنسی زیادتی کے 740 اور اغوا کے 441 کیسز پر ایف آئی آرز درج کروائیں، جنسی زیادتی کے مرتکب 62 ملزمان کو گرفتار کروایا اور 42 چالان عدالتوں میں جمع کروائے گئے، بچوں سے متعلقہ جرائم کی اطلاع کیلئے 15 ڈائل کر کے 3 دبا کر ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی سے رابطہ کریں۔