وزیر اعظم سے بل گیٹس کی ملاقات، پولیو ویکسین پروگرام بارے اقدامات کی تعریف
09-26-2024
لاہور (ویب ڈیسک ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA 2024) کے 79ویں اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (BMGF) کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔
رواں برس جون میں بل گیٹس کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے دسمبر 2024 میں سیٹل (Seattle) میں گیٹس فاؤنڈیشن کے دورے کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکوں، ڈیجیٹلائزیشن، اور مالی شمولیت کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا، انہوں نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے اس کوشش میں دیرینہ تعاون پر BMGF کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں صحت کے نظام کی مضبوطی اور ماں اور بچے کی غذائیت کے لیے مسلسل کوششوں اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کی پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے بل گیٹس نے زور دیا کہ پولیو کا خاتمہ آئندہ نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے، بل گیٹس نے ملک بھر میں پولیو ویکسین پروگرام میں وزیر اعظم کی ذاتی نگرانی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کی تعریف کی۔