شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 خوارج جہنم واصل

09-26-2024

(لاہور نیوز) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 خوارجی ہلاک ہو گئے، مارے گئے خوارجیوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک خوارج فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔