محمود عباس سے ملاقات: فلسطینی عوام کی نسل کشی کو روکنا ہو گا، وزیراعظم

09-26-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات میں عالمی برادری سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنا ہو گا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فلسطین کے صدر محمود عباس کے درمیان نیویارک میں اہم ملاقات ہوئی جس میں غزہ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، اسرائیل فلسطین کے عوام کی نسل کشی کر رہا ہے، اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ایک سال کے دوران 41 ہزار مظلوم فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، ان کے گھر تباہ کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صہیونی فورسز  نے شہر، دیہات، ہسپتال، سکول اور بنیادی ڈھانچہ مکمل تباہ کر دیا، تاریخ نے ایسی تباہی کبھی نہیں دیکھی جو فلسطین میں کی گئی۔ وزیراعظم  نے کہا کہ وقت آ گیا ہے سب غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کریں، اقوام عالم فلسطین کی آزاد ریاست کی تکمیل یقینی بنائے کیوں کہ آزاد فلسطین کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر فلسطین کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ابتدائی دور 1948 سے پہلے فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کے لئے جتنا ممکن ہوا فلسطینی بھائیوں کی مدد کی، عالمی برادری کے سامنے بھی پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کی مکمل حمایت کی۔