چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس منصور علی شاہ کے خط کا جواب دیدیا

09-26-2024

(لاہور نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کے خط کا جواب دے دیا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کا جوابی خط 4 صفحات پر مشتمل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے اپنے جوابی خط میں لکھا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کو ججز کمیٹی میں شامل ہونے کا کہا گیا تو انہوں نے ججز کمیٹی میں شامل ہونے سےمعذرت کی، جسٹس یحییٰ آفریدی کی معذرت پر جسٹس امین الدین خان کو ججز کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق خط میں چیف جسٹس نے جسٹس منیب کو کمیٹی میں شامل نہ کرنے کی 11 وجوہات بتا دیں۔ چیف جسٹس  نے جوابی خط میں لکھا کہ سینئر ججز سے انکا رویہ انتہائی درشت تھا اور ایسا جسٹس منصور آپ کے اصرار پر کیا گیا، قانون کے تحت آپ اس بات پر سوال نہیں اٹھا سکتے کہ چیف جسٹس کس جج کو کمیٹی میں شامل کرے۔ خط کے متن میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ میں ہمیشہ احتساب اور شفافیت کا داعی رہا ہوں۔ واضح رہے کہ خط میں جسٹس منصور علی شاہ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی اجلاس میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے صدارتی آرڈیننس پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔