میرا خاندان کپور نہیں شیخ ہے، جاوید شیخ کا بیٹی کے بیان پر ردعمل

09-26-2024

(ویب ڈیسک) سینئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے خاندان کو بھارت کے کپور خاندان جیسا قرار دینے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا خاندان کپور نہیں شیخ ہے۔

ایک پروگرام میں جب ان سے سوال کیا گیا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی بیٹی مومل شیخ نے ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے خاندان کا موازنہ بھارت کے کپور خاندان سے کیا تھا۔ اس پر جاوید شیخ نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انکے خاندان کے 9 یا 10 لوگ شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، اگر وہ وہاں کا کپور خاندان ہے تو ان کا شیخ خاندان ہے۔ جاوید شیخ نے بتایا کہ وہ اور ان کے بچے، بہروز سبزواری، ان کا بیٹا اور بیوی بھی ہیں جب کہ سلیم شیخ اور ان کی بیٹی بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار اور شخصیت بھی اچھی ہے جب کہ وہ بطور اداکار بھی بہتر کام کر رہے ہیں اور اس بات کی گواہی شوبز انڈسٹری کے دوسرے لوگ دیتے ہیں۔ جاوید شیخ نے کہا کہ جب انہیں اپنے بچوں کے کردار اور شخصیت سے متعلق بتایا جاتا ہے تو انہیں سن کر خوشی ہوتی ہے۔