شارلٹس ول اوپن سکواش : پاکستان کے عاصم خان نے بڑا اپ سیٹ کر دیا

09-26-2024

(ویب ڈیسک) شارلٹس ول اوپن سکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے عاصم خان نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے سیکنڈ سیڈ مصر کے یحییٰ النواسانی کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

امریکی ریاست ورجینیا میں جاری اس ٹورنامنٹ میں عاصم نے مضبوط مصری حریف کو ایک گھنٹے پر محیط سخت مقابلے کے بعد زیر کیا، عاصم خان نے یحییٰ النواسانی کو 11-7، 4-11، 11-6، 7-11 اور 11-7 کے سکور سے شکست دی، عاصم کی اس شاندار فتح نے انہیں ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ دوسری جانب پاکستان کے ایک اور کھلاڑی، عشب عرفان دوسرے راؤنڈ میں سیڈ نمبر 7 مصر کے ابراہیم الکبانی سے شکست کھا گئے، عشب کو 11-8، 11-7، 7-11 اور 11-7 کے سکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شارلٹس ول اوپن سکواش ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 28,750 ڈالرز ہے اور دنیا بھر کے سکواش کھلاڑی اس ایونٹ میں شریک ہیں۔