الخدمت فاؤنڈیشن اور حمزہ فاؤنڈیشن کےباہمی اشتراک سےخصوصی افراد کےلیے جاب فیئرکا انعقاد

09-25-2024

(لاہور نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن اور حمزہ فاؤنڈیشن کےباہمی اشتراک سےخصوصی افراد کےلیے جاب فیئرکا انعقاد کیا گیا جس میں میں شرکت کرنے والی معاون کمپنیوں کے نمائندوں اور والنٹیرز کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن اور حمزہ فاؤنڈیشن کی معاونت سے خصوصی افراد کے لیے ’انکلو سیویٹی ڈرائیو جاب فیئر فار پرسن ود ڈسیبلٹیز‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن  کےنائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ڈائریکٹر حمزہ فاؤنڈیشن، زینب خان، ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن پنجاب  شاہدہ فاروق، سینئر سرکاری اہلکار، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی کمپنیز سمیت دیگرشعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر  ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا جاب فیئر منعقد کرنے کا مقصد عام افراد کی طرح خصوصی افراد کو بھی مساوی مواقع فراہم کرنا ہےتاکہ خصوصی افراد کی معاشی و معاشرتی شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ نائب صدر الخدمت نے کہا خصوصی افراد کو الخدمت بپلیٹ فارم مہیاکر رہی ہے، جس کا مقصد خصوصی افراد کو آئی ٹی کی جدید تعلیم اور ہنرسے آراستہ کرنا ہے تاکہ انہیں معاشرے میں بہتر مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے، ان کا مزید کہنا تھا  کے الخدمت فاؤنڈیشن کو اب  تک خصوصی افرادکی جانب سے سینکڑوں سی ویز موصول ہوچکی ہیں جس پر انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کے الخدمت اپنی پارٹنر کمپنیز  کے ساتھ مل کر ان تمام خصوصی افراد کو نوکریاں حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔  ڈائریکٹر حمزہ فاؤنڈیشن زینب خان کا کہنا تھا کہ حمزہ فاؤنڈیشن خصوصی افراد کو بااختیار بنانے، تعلیم اور روزگار تک رسائی دلانے کے لیے کام کرتا آ رہا ہے۔ انھوں  نے کہا کہ حمزہ فاؤنڈیشن ان تمام کمپنیوں کا شکر گزار ہے جنہوں نے خصوصی افراد کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون کیا۔ جاب فیئر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن  پنجاب شاہدہ فاروق نے کہا، خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں جو کہ ملکی معیشت میں با معنی حصہ ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ خصوصی افراد کے لیے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جاب فیئرہے، ایسی تقریبات کےانعقاد سے خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی  ہوگی۔واضح رہے کہ تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے جاب فئیر میں شرکت کرنے والی معاون کمپنیوں کے نمائندوں اور والنٹیرز کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز سے نوازا گیا۔