بجلی صارفین کیلئے جھٹکا، 30 ستمبر سے 200 یونٹ تک کا ریلیف ختم ہو جائے گا

09-25-2024

(لاہور نیوز) 200 یونٹ والے پروٹیکٹڈ صارفین کو ایک اور بجلی کا جھٹکا دے دیا گیا۔

200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے ریلیف ختم ہونے والا ہے، یکم اکتوبر سے بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7 روپے 12 پیسے تک بڑھ جائے گا، وفاقی حکومت کی جانب سے 3 ماہ کا ریلیف 30 ستمبر کو ختم ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے ماہانہ 200 یونٹ تک بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7 روپے 12 پیسے بڑھ جائے گا،  100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ کا ٹیرف 7 روپے 11 پیسے سے  بڑھ کر 23 روپے 59 پیسے ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق 101 سے 200 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 30 روپے 7 پیسے ہو جائے گا، اسی طرح ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 3 روپے 95 پیسے بڑھ کر 11 روپے 69 پیسے ہو جائے گا، 101سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف4 روپے 10 پیسے بڑھ کر 14 روپے 16 پیسے ہو جائے گا۔ اسی طرح ماہانہ 50 یونٹ تک استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 3 روپے 95 پیسے برقرار رہے گا، ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 7 روپے 74 پیسے برقرار رہے گا۔ وفاقی حکومت نے جولائی میں بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 روپے تک بڑھایا تھا، حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو 3 ماہ کیلئے اضافے سے استثنیٰ دیا تھا۔ وفاقی حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی کی قیمت میں اضافہ 50 ارب روپے کی سبسڈی سے 3 ماہ کیلئے روکا تھا۔