لاہور چیمبر آف کامرس الیکشن: ووٹوں کی گنتی جاری
09-24-2024
(لاہور نیوز) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن میں ایسوسی ایٹ کلاس کی ووٹنگ مکمل ہو گئی، ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
لاہور چیمبر کے الیکشن کے دوسرے روز ایسوسی ایٹ کلاس کے کل 13ہزار 699 میں سے 7 ہزار 330 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، الیکشن کے موقع پر لاہور چیمبر کی عمارت میں دن بھر میلے کا سماں رہا۔ لاہور کے صعنتکاروں اور تاجروں کی نمائندہ تنظیم لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تاریخ کا سب سے بڑا الیکشن مکمل ہو گیا ہے، 23 ستمبر کو کارپوریٹ کلاس کے 41 سو ووٹرز نے بورڈ آگ گورنرز کے 15 ارکان کا انتخاب کیا تھا، جس کے بعد 24 ستمبر کو ایسوسی ایٹ کلاس کے 13 ہزار 699 میں سے 7 ہزار 330 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ دوسرے روز ایسوسی ایٹ کلاس کی 15 نشستوں پر 30 امیدوار مدمقابل ہیں جن کا تعلق دو پینلز سے ہے، دونوں پینلز کے مابین کانٹے کا مقابلہ تھا، دونوں اطراف کے سپورٹر اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں آخری لمحے تک کنویسنگ کرتے رہے اور وقتاً فوقتاً اپنے حامی امیدواروں کے حق میں نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، چیمبر کی عمارت میں داخلہ کے لئے مکمل سکیننگ اور نگرانی کا فول پروف اہتمام کیا گیا تھا جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی عمارت کے باہر موجود رہی۔