ہربنس پورہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیڈی کانسٹیبل قتل
09-24-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ہربنس پورہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے لیڈی کانسٹیبل ثمن کو قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ ہربنس پورہ کے زیر تعمیر پولیس سٹیشن کے قریب پیش آیا جہاں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے شاہدرہ کی رہائشی 24 سالہ لیڈی کانسٹیبل ثمن کو رشتہ کے تنازع پر قتل کر دیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، لاش کو ہسپتال منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج سمیت تمام شواہد کو ملزمان کی گرفتاری کے لئے بروئے کار لایا جائے جبکہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ دوسری جانب عینی شاہدین کے مطابق لیڈی کانسٹیبل موٹرسائیکل پر ایک نوجوان کے ساتھ آئی، دونوں کا آپس میں کسی بات کر جھگڑا ہوا جس پر نوجوان نے لیڈی کانسٹیبل کو قریب واقع پارک میں تشدد کا نشانہ بنایا تاہم مقامی لوگوں نے نوجوان کو منع کیا اور لڑکی سے معافی مانگنے کو کہا۔ نوجوان نے اسی دوران پسٹل نکال لیا اور ہوائی فائرنگ شروع کر دی جس کی وجہ سے مقامی لوگ منتشر ہو گئے، بعدازاں ملزم نے لیڈی کانسٹیبل کو پہلے پاؤں اور پھر سر میں تین گولیاں ماریں جس کے باعث لیڈی کانسٹیبل جاں بحق ہو گئی اور ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔