پاکستان میں تاریخ رقم ہوئی، شاہ زیب رندکا کوئٹہ پہنچنے پرشاندار استقبال

09-24-2024

(لاہور نیوز) سنگاپور میں ہونیوالے عالمی کراٹے کمبیٹ مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے بلوچستان کے کھلاڑی شاہ زیب رند کوئٹہ پہنچ گئے۔

 وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی کھلاڑی شاہ زیب رند کو کوئٹہ ایئر پورٹ پر خوش آمدید کہا اور گلے سے لگایا ، انہوں نے شاہ زیب رند کو جیت کا تسلسل برقرار رکھنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔  اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شاہ زیب رند سے گفتگو میں کہا کہ آپ بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں، آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا، آپ جیسے باصلاحیت نوجوان سے ہی ملک کا روشن مستقبل وابستہ ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے آپ ترقی کی روشن مثال ہیں۔ بعدازاں ورلڈ چیمپئن شاہ زیب رند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اسلام آباد میں اپنے ویلکم نہ کئے جانے پر کچھ مایوس ہوں، پاکستان میں تاریخ رقم ہوئی ہے پہلی بار ورلڈ ٹائٹل پاکستان آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم بلوچستان، سپورٹس سیکرٹری اور دیگر عہدیداران کی جانب سے ویلکم کئے جانے پر مجھے بہت اچھا لگا، میری جیت بلوچستان کے یوتھ کے لئے موٹیویشن ہے، میرا گول اب دنیا کی ٹاپ لیگز میں کھیلنا اور ورلڈ ٹائٹل جیتنا ہے۔ شاہ زیب رند کاکہنا تھا کہ میرا میچ برازیل کے ٹاپ کھلاڑی کے ساتھ ہوا جنہیں میں نے شکست دی۔ اس موقع پر سپورٹس سیکرٹری بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹلینٹ کی کمی نہیں ، بس سہولیات دینے کی ضرورت ہے جس کی ہم پوری کوشش کر رہے ہیں۔