فواد خان بالی ووڈ میں واپسی کیلئے تیار، بھارتی اداکارہ کا نام بھی فائنل

09-24-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی سپرسٹار اداکار فواد خان ایک بار پھر بالی ووڈ میں واپسی کے لیے تیار ہیں، ان کے مدمقابل ہیروئن کے کردار کیلئے بھارتی اداکارہ کا نام بھی فائنل کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2016 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم 'اے دل ہے مشکل' کے بعد  فواد خان اب بھارتی اداکارہ ردھی ڈوگرا کے ساتھ بالی وڈ میں واپسی کے لیے تیار  ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ فواد خان بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ ردھی ڈوگرا کے ساتھ ایک رومانٹک اور کامیڈی فلم کریں گے، دیگر اداکاروں کا انتخاب ابھی ہونا باقی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ پراجیکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس حوالے سے پیپر ورک حال ہی میں مکمل کیا گیا ہے، فلم ڈائریکٹر کا نام ابھی سامنے نہیں آیا ہے اور اسے خفیہ رکھا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ رواں سال کے آخر تک شروع ہوجائے گی اور 2025 کے آخر یا 2026ء کے آغاز میں اسے سنیما میں نمائش کےلیے پیش کیا جا سکتا ہے۔ فواد خان اور ردھی ڈوگرا کی فلم کی شوٹنگ نیویارک اور لندن سمیت مختلف مقامات پر ہوگی۔  یاد رہےکہ فواد خان نے 2014 میں سونم کپورکے ساتھ فلم 'خوبصورت' سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔ اس  فلم میں بہترین اداکاری پر انہیں فلم فیئرایوارڈ بھی ملا تھا۔ بعدازاں اداکار نے 2016 کی فلم'اے دل ہے مشکل' میں مختصر جب کہ 'کپور اینڈ سنز' میں مرکزی کردار نبھایا تھا۔