بشریٰ انصار ی چاہت فتح علی خان کی مقبولیت پر بول اٹھیں،مزاحیہ گلوکار کے خلاف بیان داغ دیا
09-23-2024
(ویب ڈیسک)پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ چاہت فتح علی خان جیسے لوگوں کو مشہور کرکے موسیقی کی بے عزتی کی جارہی ہے۔
تفصیلات کےمطابق بشریٰ انصاری نے ایک شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے چاہت فتح علی خان کی شہرت اور موسیقی کے بارے میں بات کی۔میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ مجھے پاکستان کے وائرل کلچر اور ہمارے لوگوں کی ذہنیت پر افسوس ہے کہ یہ کس طرح کی چیزوں کو وائرل کررہے ہیں، یہ وائرل ٹرینڈ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ چاہت فتح علی خان اور ان جیسے کئی دوسرے لوگ جس چیز کے لیے مشہور ہو رہے ہیں اس پر کہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔سینئر اداکارہ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ کس طرح موسیقی کی کھلے عام بےعزتی ہو رہی ہے۔ ماضی کے مقبول گانوں اور موسیقی کا اس طرح استحصال مجھ سے برداشت نہیں ہوتا۔