ہار جیت چلتی رہتی، ناکامی سے انسان سیکھتا ہے: سعود شکیل

09-23-2024

(ویب ڈیسک) چیمپئنز کپ میں ٹیم ڈولفنز کے کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ ہار جیت چلتی رہتی ہے، ہمیں سیکھ کر چیزیں بہتر کرنی چاہئیں۔

لاہور لائنز کے خلاف فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ ہم کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھا پرفارم نہیں کر سکے جس کی وجہ سے چیمپئنز کپ میں آخری نمبر پر رہے، ہار جیت زندگی میں چلتی ہے اور اس سے ہی ہم سیکھتے ہیں، اس سے جاگنے کا موقع ملے گا کہ ہمیں کیا کرنا چاہئے اور کیسے چیزیں بہتر کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ٹاس کا کردار کافی اہم رہا، کسی میچ میں ہدف عبور نہیں ہوا، ہم نے تینوں میچز میں پہلے فیلڈنگ کی جس سے فرق پڑا۔ سعود کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل فٹنس پر بڑا زور دیا گیا تھا، سارے لڑکے فٹنس ٹیسٹ پاس کر کے آئے، تاہم مجھے لگتا ہے کہ فٹنس پر ہمیں تھوڑا اور کام کرنے کی ضرورت ہے، ممکن ہے کہ گرمی کی وجہ سے انرجی کا لیول ڈاؤن ہوا ہو، بطور پروفیشنل پلیئرز ہمیں جہاں بہتری کی گنجائش ہو وہاں بہتر کرنا چاہئے۔