کرکٹ کی بہتری کا مشن! پی سی بی کے بڑے آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے

09-23-2024

(لاہور نیوز) ملک میں کرکٹ کو بلندیوں پر لے جانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نئی حکمت عملی بنانے کے لئے کوچز، سینئر پلیئرز اور بورڈ حکام آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، ہیڈ کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کے ساتھ بابر اعظم اور شان مسعود سمیت 9 ایلیٹ پلیئرز کا کنکشن کیمپ آج لاہور میں ہو گا۔ پی سی بی کے مطابق کیمپ کا مقصد پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لئے ایک واضح وژن قائم کرنا ہے اور اس کنکشن کیمپ میں پاکستان وائٹ بال کپتان بابر اعظم، ریڈ بال کپتان شان مسعود، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت 9 ایلیٹ کرکٹرز میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کو نئی شکل دینے کے لئے جاری سفر کا پہلا قدم ہے اور کنکشن کیمپ پاکستان کرکٹ کو اس کی سابقہ شان میں بحال کرنے کے لئے اہم ہے۔ ریڈ بال کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت ہمیں مستقبل کے لئے ایک مضبوط راستہ طے کرنے میں مدد کرے گی۔ ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی نے اس حوالے سے کہا کہ ہم سب ایک ہی مقصد کی طرف کوشاں ہیں اور وہ پاکستان کرکٹ کا معیار بلند کرنا اور جیتنے کا کلچر پیدا کرنا ہے۔ کیمپ کے حوالے سے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ ہم وائٹ بال کرکٹ میں اپنے نقطہ نظر کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ بین الاقوامی مقابلوں کے اعلیٰ درجے کے معیارات کو پورا کیا جا سکے۔