آئین پر عمل نہ کرنے سے ملک کا ہر ادارہ کمزور ہو رہا ہے: مولانا فضل الرحمان

09-22-2024

(لاہور نیوز) سربراہ جے یو آئی( ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئین پر عمل نہ کرنے سے ملک کا ہر ادارہ کمزور ہو رہا ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا  تھا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام ہے اور نہ معاشی، ملک میں آئین محفوظ ہے نہ ادارے جبکہ دنیا ہمارے ساتھ کاروبار کرنے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک عدم استحکام اور کمزوری کی طرف جا رہا ہے، جدید ٹیکنالوجی میں بزنس کمیونٹی کی دلچسپی پر خوشی ہے، آئی ٹی کے شعبے سے ریونیو بڑھایا جا سکتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا  کہنا تھا  کہ دنیا ہمارے ساتھ کاروبار کرنے کے لئے آمادہ نہیں، ہماری معیشت بھی ٹھیک نہیں، آئین پر عمل نہ کرنے سے ملک کا ہر ادارہ کمزور ہو رہا ہے، آئین پر عملدرآمد نہ ہونے سے مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عدلیہ سمیت تمام اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، بدقسمتی ہے ہم خوشحالی سے دور ہو رہے ہیں، پر امن شہری خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں، کہیں مسلح گروہ ہیں تو کہیں سٹریٹ کرائم، ملک میں بے چینی کی کیفیت ہے۔ قبل ازیں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ جامعہ بنوری ٹاؤن کا دورہ کیا اور شیخ الحدیث مولانا انور بدخشانی مرحوم کے انتقال پر تعزیت کی اور کہا کہ مرحوم کی رحلت سے علم کا ایک باب بند ہو گیا، اس موقع پر مولانا فضل الرحما ن کے ساتھ وفد میں مولانا راشد سومرو اور قاری محمد عثمان بھی موجود تھے۔