لاہور: گھریلو ناچاقی پر دو خواتین قتل، آئی جی نے رپورٹ طلب کر لی

09-22-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ستوکتلہ میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات پر آئی جی نے نوٹس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم  نے گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دو خواتین گولیوں کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئیں، مقتولین کی شناخت حنا اور سحرش کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ملزم فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دوہرے قتل کی اطلاع ملتے پولیس کی بھاری  نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی، پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے۔ آٹی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔