نامور مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے

09-22-2024

(لاہور نیوز) نامور مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ حکومت پاکستان کی دعوت پر ڈاکٹر ذاکر نائیک اور شیخ فارق نائیک دورہ پاکستان کریں گے۔ پوسٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورہ پاکستان کا شیڈول بھی درج تھا جس میں بتایا گیا کہ وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے، شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5-6 اکتوبر کو کراچی، 12-13 اکتوبر کو لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں خطاب کریں گے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ ان کے خطاب مذہبی ٹی وی چینل پیس ٹی وی سے براہ راست نشر بھی کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جلد ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں  نے 2020 میں پاکستان کے دورے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم کورونا وبا کی وجہ سے وہ پاکستان نہ آسکے۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ وہ اب دوبارہ پاکستان کے دورے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔