یروشلم پوسٹ نے عمران خان کا دوغلاپن بے نقاب کر دیا: مریم اورنگزیب

09-22-2024

(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یروشلم پوسٹ نے عمران خان کا دوغلاپن بے نقاب کر دیا ہے۔

اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے آرٹیکل پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یروشلم پوسٹ نے عمران خان کو ہم خیال شخص قرار دیا، بانی پی ٹی آئی اسرائیل سے معمول کے تعلقات چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یروشلم پوسٹ کی بات آنکھیں کھول دینے والی ہے کیونکہ اس آرٹیکل نے عمران خان کا دوغلاپن اور تضادات کا پہلو بے نقاب کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسرائیل کا حمایتی قرار دے دیا گیا ہے۔ یروشلم پوسٹ نے اسرائیل کے اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے دعوؤں کی تصدیق کی ہے۔