شعیب اختر کی کترینہ کیف سے دوستی، وہاب ریاض کا بڑا انکشاف
09-22-2024
(ویب ڈیسک) سابق کرکٹر و چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف اور شعیب اختر کی دوستی سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں وہاب ریاض نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے قومی ٹیم کی خراب کارکردگی اور بورڈ کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسی پروگرام میں وہاب ریاض نے ڈریسنگ روم کی کچھ مضحکہ خیز باتیں بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔ وہاب ریاض نے ماضی کا قصہ سُناتے ہوئے کہا کہ ایک بار ہم نیوزی لینڈ کے دورے پر تھے، تو ہم سب کھلاڑی فاسٹ بولر شعیب اختر کے کمرے میں کھانا کھا رہے تھے، اسی دوران ٹی وی پر بالی ووڈ سٹار کترینہ کیف کا مشہور گانا ‘شیلا کا جوانی’ چل رہا تھا۔ سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ شعیب اختر نے ٹی وی سکرین پر دیکھ کر کہا کہ وہ کترینہ کیف کو جانتے ہیں بلکہ اُن کی کترینہ کے ساتھ دوستی بھی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شعیب اختر اور کترینہ کیف کی دوستی کی بات سُن کر محمد حفیظ حیران رہ گئے تھے بلکہ اُنہیں تو اس بات پر یقین بھی نہیں آرہا تھا۔ وہاب ریاض نے کہا کہ جب کسی نے شعیب اختر کی بات کا یقین نہیں کیا تو اُنہوں نے یہ کہہ کر سب کو کمرے سے باہر نکال دیا تھا کہ تم لوگ مجھے جھوٹا انسان سمجھتے ہو۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کہ شعیب اختر کے غصہ ہونے اور کمرے سے باہر نکالے جانے کے بعد کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ جاکر کھانا کھایا تھا۔ واضح رہے کہ شعیب اختر نے سال 2008 میں انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی تھی جبکہ سابق فاسٹ بولر کو بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان کا قریبی دوست سمجھا جاتا ہے۔