چیمپئنز ٹرافی2025 ء: آئی سی سی کا جائزہ وفد دبئی واپس پہنچ گیا
09-22-2024
(لاہور نیوز) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آئی سی سی کا پاکستان آیا ہوا وفد دبئی واپس پہنچ گیا۔
پانچ رکنی آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ وفد میں شامل سینئر منیجر ایونٹس سارہ ایڈگر،ایونٹ منیجر عون محمد زیدی ، وسیم خان اور سکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر واپس پہنچ گئے ہیں۔ آئی سی سی براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج پاکستان میں مقیم ہیں۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے تینوں وینیوز کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں انتظامات کا جائزہ لیا ،انسپکشن ٹیم نے اس دوران سکیورٹی انتظامات، لاجسٹک ہوٹل اور پریکٹس وینیوز کا جائزہ لیا۔ انسپکشن ٹیم نے تینوں وینیوز پر اپ گریڈیشن کے لئے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا ۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں انسپکشن ٹیم کو بڑے تعمیراتی منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ چیئرمین محسن نقوی سے انسپکشن ٹیم نے ملاقات کی ۔ چیئرمین محسن نقوی نے انسپکشن ٹیم کو مثالی انتظامات کی یقین دہانی کرائی ۔ انسپکشن ٹیم نے لاہور میں پی سی بی کے تمام شعبوں کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ٹاسک دیئے ۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم وینیوز کے مقررہ وقت پر مکمل تیار ہونے کے لیے پر امید ہے۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔