چیمپئنز کپ: مارخورز کے مینٹور مصباح الحق ٹورنامنٹ چھوڑ کر امریکا روانہ

09-22-2024

(ویب ڈیسک) چیمپئنز ون ڈے کپ میں ماخورز کے مینٹور مصباح الحق ٹورنامنٹ کو درمیان میں چھوڑ کر امریکا چلے گئے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور چیمپئنز کپ میں مینٹور کی خدمات سرانجام دینے والے مصباح الحق چیریٹی ایونٹس میں شرکت کیلئے ٹورنامنٹ کو ادھورا چھوڑ کر امریکا روانہ ہوگئے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مصباح الحق پی سی بی کی اجازت سے امریکا میں طے شدہ چیریٹی پروگرام میں شرکت کیلئے امریکا گئے ہیں۔ مصباح نے مینٹور بنائے جانے سے قبل بورڈ کو آگاہ کردیا تھا کہ چیمپئنز کپ ونڈو کے دوران امریکا میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ دوسری جانب مصباح الحق کے فیصلے پر تنقید کی جارہی ہے، سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے سابق کپتان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی ترجیحات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جب مصباح کو بطور مینٹور خاصی رقم ادا کی جا رہی ہے، انہیں چیمپئنز کپ میں اپنے کردار کو ترجیح دینی چاہیے تھی۔ رپورٹس کے مطابق سابق کپتان مصباح الحق جلد وطن واپس لوٹ جائیں گے اور ٹیم کو جوائن کریں گے۔ یاد رہے مصباح کی مارخورز ایونٹ میں 4 میں سے 3 میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔