پی ٹی آئی کا جلسہ ختم، ساؤنڈ سسٹم، لائٹس بند، کارکنوں کی واپسی

09-21-2024

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا لاہور میں ہونے والا جلسہ اختتام پذیر ہو گیا، جلسے کا مقررہ وقت ختم ہونے پر ڈی جے کی طرف سے جلسہ گاہ کا ساؤنڈ سسٹم اور لائٹس بند کر دی گئیں جس کے بعد کارکنوں کی واپسی شروع ہو گئی۔

حکومت پنجاب کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو مویشی منڈی کاہنہ میں جلسے کی اجازت دی گئی تھی، انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے دیا گیا وقت ختم ہو گیا، کارکنوں اور رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ جلسہ گاہ کی جانب جانے والے تمام راستے کھلے ہیں، جلسہ گاہ اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور رنگ روڈ پر قیدیوں کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔ جلسے کے لئے مختلف شہروں سے پاکستان تحریک انصاف کے قافلے لاہور پہنچے، خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں لاہور پہنچے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی کے لاہور جلسے کے لئے کے پی حکومت کے سرکاری وسائل کا استعمال بھی کیا گیا، ریسکیو کی گاڑیاں اور کرینیں بھی ساتھ لائی گئیں۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں شامل ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو 8 ستمبر کو اسلام آباد میں کی گئی تقریر پر معافی مانگنا ہو گی۔ معاہدے کے مطابق جلسے میں ریاست یا اداروں کے خلاف نعرے بازی اور بیان بازی نہیں کی جائے گی، کسی اشتہاری یا مجرم کا آڈیو یا ویڈیو پیغام نشر نہیں کیا جائے گا۔