جسٹس منصور شاہ کی بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ تقرری کے نوٹیفکیشن کیلئے درخواست دائر

09-21-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست وکیل ندیم شبلی نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ، درخواست میں وفاقی حکومت، وزیر اعظم اور صدر پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواستگزار نے درخواست کے متن میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے تحت سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج نے سپریم کورٹ کا چیف جسٹس بننا ہے، جسٹس منصور علی شاہ اب سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں ، جسٹس منصور علی شاہ کی تعیناتی کو وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری متنازعہ بنا رہے ہیں۔ درخواست میں درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پاس آئین میں ترمیم کے لئے مطلوبہ ایم این ایز کی تعداد نہیں ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا بطور چیف جسٹس نوٹیفکیشن ان کے حلف سے پہلے جاری ہو گیا تھا۔ آخر میں درخواست گزار  نے عدالت سے  استدعا کی کہ حکومت جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ  تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔