کانسٹیبل رُباب ناز سوشل میڈیا کے بے دریغ استعمال پر دوسری بار برطرف

09-21-2024

(لاہور نیوز) نوکری کی پروا کئے بغیر لیڈی پولیس اہلکار ٹک ٹاک کی دیوانی بن گئی۔

پابندی کے باوجود سوشل میڈیا کے استعمال پر کانسٹیبل رُباب کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا، ڈِس مِس فرام سروس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ کانسٹیبل رُباب ناز اس سے قبل بھی ایک برس تک محکمہ پولیس سے غیر حاضر رہیں جس وجہ سے انہیں پہلے بھی برخاست کیا گیا تھا۔ کانسٹیبل رباب ناز  نے نوکری کی بحالی کیلئے درخواست دی کہ وہ پڑھائی کے سلسلے میں کوریا میں تھی، لیڈی کانسٹیبل کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے بحالی کے احکامات جاری کئے تھے۔ ذرائع کے مطابق لیڈی کانسٹیبل نے پنجاب پولیس کی پالیسی کے خلاف کوریا اور پاکستان میں سوشل میڈیا کا بے دریغ استعمال جاری رکھا، پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز لاہور تصور اقبال نے لیڈی کانسٹیبل رباب ناز کو نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں تعینات کئی اور اہلکاروں نے بھی سوشل میڈیا کا استعمال جاری رکھا ہوا ہے۔