شہر میں مہنگائی کا راج برقرار، سبزیاں اور برائلر گوشت پہنچ سے باہر

09-21-2024

(لاہور نیوز)شہر میں مہنگائی کا راج برقرار ہے، سبزیاں، پھل، برائلر گوشت اور انڈے پہنچ سے باہر ہیں۔

انتظامیہ کی غفلت صارفین پر بھاری پڑنے لگی، اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کے ریٹ آؤٹ آف کنٹرول ہو چکے ہیں، ہوش رُبا مہنگائی پرچون بازاروں پر بھی چھا گئی، دکاندار من مانے ریٹ وصول کر رہے ہیں، شہری کہتے ہیں پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی جائیں تو مہنگائی کنٹرول ہو سکتی ہے۔ سبزیاں سرکاری نرخ ناموں کے برعکس فروخت کی جا رہی ہیں، ٹماٹر 140 روپے، سبز مرچ 200 روپے، کریلے 200 روپے اور شلجم 220 روپے کلو تک جا پہنچے ہیں۔ موسمی پھل بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہو چکے ہیں، سیب گاچہ 280 روپے، کیلا درجہ اول 200 روپے درجن، آلو بخارہ 400 روپے، آڑو 350 روپے اور آم چونسہ250 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ پولٹری مصنوعات کی قیمتیں بھی آسمان چھو رہی ہیں، برائلر گوشت 595 روپے کلو جا پہنچا ہے، فارمی انڈے 306 روپے درجن میں فروخت کئے جا رہے ہیں، بعض علاقوں میں انڈے بلیک میں 320 روپے درجن تک مل رہے ہیں۔