علی امین کیخلاف شراب برآمدگی کیس، جوڈیشل مجسٹریٹ کی سماعت سے معذرت

09-21-2024

(لاہور نیوز) اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمہ کی سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکلا راجہ ظہور الحسن، سردار مصروف اور آمنہ علی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وکلا سے استفسار کیا کہ ضامن کدھر ہے؟ جس پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضامن تو عمرے پر گیا ہے۔ ایڈووکیٹ ظہورالحسن نے کہا کہ ریاست بڑی جابر ہوئی ہے، جی ٹی روڈ، موٹرویز سب بند ہیں، اس کا مقصد میرے مؤکل کے وارنٹ گرفتاری جاری کروانا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ علی امین گنڈاپور ہیں کہاں لاہور میں ہیں یا پشاور میں؟ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے کیا علی امین آجائیں گے؟ جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے میڈیا نمائندگان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ باہر جائیں مجھے راجہ ظہور الحسن سے کچھ بات کرنی ہے۔ بعدازاں علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جج شائستہ کنڈی نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی ہے، عدالت نے کیس کی فائل سیشن جج کو بھجوا دی ہے، کیس کی آئندہ سماعت 5 اکتوبر کو سیشن جج کی عدالت میں ہو گی۔